اسلام آباد (جیوڈیسک) قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس انور ظہیر جمالی کی صدارت میں الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا۔ الیکشن کمیشن کو الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں اور بائیومیٹرک سسٹم پر بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے الیکٹرک ووٹنگ مشین اور بائیومیٹرک نظام کے لیے نادرا پر انحصار نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس میں کے آر ایل اور دیگر اداروں کی تیار کردہ الیکٹرونک ووٹنگ مشین کا تجربہ بھی کیا گیا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے استعمال کے لیے قانونی مسودہ انتخابی اصلاحاتی کمیٹی کے حوالے کیا ہے۔
قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا کہ ریکارڈ رکھنے کے لیے الیکشن کمیشن کے مرکزی اور صوبائی دفاتر میں اسٹوریج ہاؤسز بنائیں جائیں گے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے آئندہ انتخابات میں لوہے کی بجائے شفاف بیلٹ باکس استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیشن کے پاس موجود تین لاکھ لوہے کے باکس کو نیلام کیا جائے گا۔