اقوام متحدہ (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کے امن مشن میں خدمات انجام دینے والوں میں سب سے زیادہ تعداد بنگلادیشی اہلکاروں کی ہے جبکہ دوسرے نمبر پر بھارت اور تیسرے نمبر پر پاکستان ہے۔
اقوام متحدہ کے امن مشن کے تحت مختلف ممالک میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے فوجی و پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ امن مشن میں اہلکاروں کی تعداد کے لحاظ سے بنگلادیش سرفہرست ہے جس کے 8 ہزار 455 فوجی و پولیس اہلکار خدمات انجام دے رہے ہیں۔ بھارت کے 8 ہزار 104 اہلکار امن مشن میں شریک ہیں جبکہ پاکستان کے 7 ہزار 953 فوجی و پولیس اہلکار امن مشن کا حصہ ہیں۔
امریکا کے 117 اور برطانیہ کے 287 اہلکار بھی مختلف ممالک میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ایران، تھائی لینڈ اور البانیا سمیت کئی ممالک ایسے بھی ہیں جن کے صرف ایک یا دو اہلکار ہی اقوام متحدہ کے امن مشن کا حصہ ہیں۔