زہریلی شراب سے مرنے والوں کی تعداد پانچ ہو گئی پولیس کی 70 منشیات فروشوں کی گرفتاری کا دعویٰ

Hyderabad

Hyderabad

حیدرآباد (جیوڈیسک) حیدرآباد میں زہریلی شراب پی کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے، پولیس کی جانب سے روایتی طور پر شراب تیار کرنے والے افراد کے خلاف کریک ڈائون شروع کرکے 70 سے زائد منشیات فروشوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا جبکہ ایس ایچ او ٹنڈویوسف، ٹنڈوجام، ہوسٹری، ہٹری اور راہوکی کو فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے، تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے تھانے پنیاری کی حدود پھلیلی کے علاقے مچھر کالونی میں گزشتہ روز زہریلی شراب پی کر بے ہوش ہونے والے تین افراد صابر، صادق اور انتظار کو سول اسپتال پہنچایا گیا تھا جن کے منہ سے جھاگ نکل رہا تھا اور ان کی حالت انتہائی تشویشناک تھی، علاج کے دوران صابر اور صادق ہلاک ہو گئے تھے

جبکہ تیسرا شخص رات گئےسول اسپتال حیدرآباد میں دم توڑ گیا تھا ، منگل کے روز مزید دو افراد ندیم قریشی اور ایک نامعلوم شخص کی لاشیں ریلوے لائن ٹنڈو میر محمد سے ملی ہیں، بتایا جاتا ہے کہ یہ دونوں افراد بھی زہریلی شراب پی کر ہی ہلاک ہوئے ہیں، اس طرح زہریلی شراب پی کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے ، پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ایس ایس پی حیدرآباد پیر فرید جان سرہندی نے کچی شراب کے واقعے کی خبروں کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ہیڈ کوارٹر کیپٹن حیدر رضا اور ایس پی سٹی عمر طفیل کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دےدی ہے اورایس ایچ او ٹنڈویوسف ،ٹنڈوجام ،ہوسٹری ،ہٹری اور راہوکی کو فوری طور پر معطل کردیا ہے

اُدھر حیدرآباد ضلع میں شراب کی بھٹیوں اور منشیات فروشوں کےخلاف جاری کریک ڈائون میں حیدرآباد پولیس نے 70سے زائد منشیات فروشوں کوگرفتار کرکے 9شراب کی بھٹیاں مسمار کرکے ہزاروں لٹر کچی شراب اور شراب بنانے کا سامان تحویل میں لینے کا دعویٰ کیا ہے، پولیس کی بھاری نفری نے راہوکی میں چھاپہ مار کر منشیات فروش غلام محمد ناریجو کو 700بوتل شراب سمیت جبکہ ایک اور کارروائی میں پھلیلی پولیس کے ہمراہ گرونگرمیں چھاپہ مارکر ملک جاوید کو الکوحل کے کیمیکل سے بھرے3ڈرم سمیت گرفتار کرلیا، اس کیمیکل سے 6 سے 7 ہزار بوتل شراب تیار ہو سکتی ہے۔ راہوکی میں سی آئی اے پولیس نے چھاپہ مارا جس پر منشیات فروشوں نے پولیس موبائل پر فائرنگ کردی جس سے سی آئی اے پولیس کا ایک سپاہی زخمی ہوگیا، 7 منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

ٹنڈوجام پولیس نے گوٹھ دریا خان ناہیو ں لنک روڈ کے قریب چھاپہ مارکر منشیات فروش ملوک ماچھی کو 8بوتل شراب سمیت گرفتار کرلیا ۔ہوسٹری پولیس نے بورا موری لنک روڈ اور سنہری موری کے قریب دو مختلف کارروائیوں میں دو منشیات فروشوں اسلم بلیدی سکنہ گوٹھ پھلن بلیدی اور محمد بخش عر ف عالی کو70لٹر شراب اور بھاری تعداد میں شراب بنانے کے سامان سمیت گرفتار کرلیا۔ سٹی پولیس نے دوران اسنیپ چیکنگ سینٹ میری چوک سے مسلح ملزم شرجیل راجپوت کو گرفتار کرکے ملزم کے قبضے سے ایک عدد 30 بور پستول بمعہ رائونڈ برآمد کرلیا۔