راشا اور بولا گینگ گرفتار، 12 موٹرسائیکل اور قیمتی سامان برآمد

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد (جیوڈیسک) چہر ے پر ماسک چڑھا کر لوگوں کو لوٹنے والے 17 مقدمات میں شامل راشا اور بولا گینگ پکڑے گئے۔ پولیس نے 38 سمارٹ فون،12 موٹر سائیکل ،ڈیڑھ لاکھ روپے، 6 پسٹل ،ایک رائفل برآمد کر لی۔ ایس پی لائلپور ٹاؤن اویس ملک نے تھانہ غلام آ باد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ غلام محمد آباد اے بلاک، چوہڑ ماجرا موڑ، مہروی ہسپتال، شہباز شریف پارک اور صدر بازار میں نقدی، موبائل فونز اور موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتیں ہو رہی تھیں جس پر ایس ایچ او غلام محمد آباد کو ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دیا گیا جس نے پولیس پارٹی کے ہمراہ رشید آباد سے بولا گینگ کے سرغنہ مقبول عرف بولا کودو ساتھیوں اعجاز اور نوید ساکنان رشید آباد جبکہ راشاگینگ کے سرغنہ راشد سکنہ غلام محمد آباد او ر اسکے ساتھی بوٹاسکنہ محلہ رشید آباد کو گرفتار کر لیا۔

دونوں گروہ موٹر سائیکل پر محلے اور چوکوں سے موٹر سائیکل، نقدی اور موبائل فونز چھینتے تھے ،جن کے خلاف اب تک لائل پور ٹاؤن میں 17 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں ۔بولا گینگ دوران واردات چہر ے پر ماسک بھی استعمال کرتا تھا۔ ابتدائی اطلاعات میں اب تک 38 سمارٹ فونز ، 12 موٹر سائیکل ،ڈیڑھ لاکھ روپے ،06 پسٹل 30 بور،ایک رائفل MM اور متعد د گولیاں برآمد کر لی ہیں۔سی پی او ڈاکٹر سہیل تاجک نے مقدمات میں ملوث ڈاکوؤں کو گرفتار کرنے پر ایس ایچ او غلام محمد آباد اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے پولیس پارٹی کیلئے مزید نقد انعام اور سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔