عزیز بھٹی پولیس کی چیکنگ کے نام پر شہریوں سے لوٹ مار

Police

Police

کراچی (جیوڈیسک) گلشن اقبال میں وفاقی اردو یونیورسٹی پل کے نیچے عزیز بھٹی پولیس اہلکاروں نے اسنیپ چیکنگ کے نام پرموٹر سائیکل سوار شہریوں سے لوٹ مار کا سلسلہ شروع کردیا۔

تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال کے علاقے یونیورسٹی روڈ پر واقع وفاقی اردو یونیورسٹی پل کے نیچے عزیز بھٹی پولیس کے اہلکاروں کی جانب سے اسنیپ چیکنگ کے نام پر شہریوں کو بلاجواز تنگ اور عیدی وصولی کا سلسلہ جاری ہے، رشوت نہ دینے پر شہریوں کو لاک اپ میں بندکرنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔

متاثرہ شہریوں نے بتایا کہ قومی شناختی کارڈ، موٹر سائیکل رجسٹریشن پیپرز،ٹریفک لائسنس اور دیگر کاغذات دکھانے کے باوجود پولیس اہلکار کھلے عام رشوت طلب کررہے ہیں اور رشوت نہ دینے پر موٹر سائیکلیں تحویل میں لینے اور حوالات میں بند کرنے کی دھمکیاں دیتے ہیں۔

شہر میں ٹارگٹ کلنگ اوراسٹریٹ کرائم کی وارداتیں عروج پر پہنچ گئیں ہیں پولیس جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کرنے کے بجائے شہریوں کو ہراساں کرکے ان سے رشوت بٹور رہی ہے۔

شہریوں نے آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو سے مطالبہ کیا کہ اسنیپ چیکنگ کے نام سے شہریوں سے لوٹ مار کا فوری نوٹس لیا جائے اور ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔