لاہور (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے ڈپٹی چیئرمین شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ عوام میں تحریک انصاف کے موقف کی پزیرائی نے پیپلز پارٹی کو سوچنے پر مجبور کردیا ہے اور وہ پیش گوئی کرتے ہیں کہ 18 اکتوبر کے جلسہ عام میں بلاول بھٹو زرداری نواز شریف کو جھنڈی دکھادیں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم گزشتہ 15 ، 16 ماہ سے ملک میں شفاف انتخابی عمل کے لئے کوشش کررہے ہیں، پیپلز پارٹی نے بھی گزشتہ انتخابات کو ریٹرننگ افسران کا الیکشن قرار دے کر ہماری موقف کی تائید کی۔ ہمارا مقصد حکومت کو گرانا نہیں ہے۔
تحریک انصاف پہلے ہی وزیراعظم نواز شریف کو مشورہ دے چکی ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات تک وزیر اعظم اپنی ہی جماعت کے کسی فرد کو اپنے عہدے پر مقرر کردیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو مسلسل موجود رکھنا کوئی معمولی کام نہیں، عمران خان بھی نہیں چاہتے کہ وہ ہمیشہ کنٹینر میں رہیں۔
گھر والوں کے ساتھ عید منانے کا دل کسے نہیں چاہتا، ہم بھی چاہتے ہیں کہ عید الاضحیٰ گھر پر منائیں لیکن ہم ایک مقصد کے لئے کوشش دے رہے ہیں، اسی لئے عیدالاضحیٰ کنٹینر پر منا رہے ہیں، عید کے موقع پر نماز بھی ہوگی اور قربانی بھی کریں گے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی صرف سندھ کی حد تک سکڑ گئی ہے اور اب یہ جماعت خیبر پختونخوا اور پنجاب میں عوام کے لئے بے معنی ہوتی جارہی ہے۔ عوام میں ہمارے موقف کی پزیرائی دیکھتے ہوئے پیپلز پارٹی اپنی حکمت عملی تبدیل کررہی ہے، وہ پیش گوئی کررہے ہیں کہ 18 اکتوبر کو کراچی میں جلسہ عام کے دوران بلاول بھٹو زرداری نواز شریف کو جھنڈی دکھادیں گے۔