لاہور (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک نے کہا ہے کہ دھرنے میں شریک افراد اب اپنے گھر جانا چاہتے ہیں اوراس کے لئے حکومت انہیں محفوظ راستہ فراہم کرے۔
لاہور ہائی کورٹ کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کے دوران رحمان ملک نے کہا کہ پاکستان کی بقا پیپلز پارٹی کے منشور میں ہے جب کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ امن کا پیغام دیا اور مستقبل میں بھی پیپلز پارٹی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
ہم رات کی نہیں بلکہ دن کی سیاست کریں گے، جمہوریت کو خطرہ تھا تو آصف زرداری خود سفر کر کے لاہور پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اتحاد کی جتنی آج ضرورت ہے اس سے پہلے اتنی کبھی نہ تھی، عوام چاہتے ہیں کہ دھرنا ختم ہوجائے اور وہ خود بھیس بدل کر دھرنوں میں گئے ہیں جہاں انہوں نے دیکھا کہ دھرنے میں شریک افراد اب اپنے گھر جانا چاہتے ہیں، حکومت دھرنے والوں کو محفوظ راستہ فراہم کرے۔
اس سے قبل لاہور ایئرپورٹ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کا جلسہ اچھا تھا لیکن پیپلز پارٹی اورعمران خان کے ووٹ بینک میں فرق ہے، بلاول بھٹو زرداری قوم کو سرپرائز دیں گے اورعید کے بعد پنجاب ہمارے ساتھ آئے گا، سیاسی جرگہ کوشش کر رہا ہے کہ دھرنے میں شامل لوگ کم از کم عید الاضحیٰٰ کے موقع پرگھر چلے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ارجمند اظہر کو نوکری سے نکالنے میں ان کا کوئی کردار نہیں اگر اس معاملے میں وہ ذمہ دار ثابت ہوئے تو سیاست چھوڑ دیں گے۔