وزیر آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کہتے ہیں کہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ دوسری امدادی قسط بھی اکتوبر میں ہی ادا کر دی جائے گی۔
قدرتی آفت کی روک تھام کیلئے قومی کمیٹی کی تشکیل ضروری ہے۔ جو لوگ ملکی ترقی نہیں چاہتے اللہ تعالیٰ انہیں ہدایت دے۔ وزیر آباد میں سیلاب متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ سیلاب زدگان مصیبت کی اس گھڑی میں خود کو تنہا نہ سمجھیں۔
حکومت کے پاس وسائل کم اور مسائل زیادہ ہیں لیکن اس کے باوجود پانی اترنے سے پہلے ہی امداد کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے سیلاب کی روک تھام پر توجہ نہیں دی۔ اب وقت آ گیا ہے کہ مربوط حکمت عملی طے کی جائے۔ قومی کمیٹی کی تشکیل بھی ضروری ہے۔ انہوں نے متاثرین کی امداد پر پنجاب حکومت کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سے وسطی اور جنوبی پنجاب میں چھ لاکھ خاندان متاثر ہوئے ہیں۔ امدادی پیکج میں تعاون پر وفاقی حکومت کے ممنون ہیں۔ اس سے پہلے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔