کراچی (جیوڈیسک) اہل سنت والجماعت کی جانب سے کارکنوں کے مبینہ ماورائے عدالت قتل اور گرفتاریوں کے خلاف گزشتہ روز سے جاری احتجاجی دھرنے میں توسیع کرنے اور مختلف شہروں کے علاوہ کراچی میں گورنر ہاؤس کے باہر بھی دھرنا دینے کے اعلان کے بعد ٹریفک پولیس نے گورنر ہاؤس اور وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے کی سڑک کو بھی ٹریفک کے لئے بند کر دیا ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہےکہ شہری پریشانی سے بچنے کے لئے متبادل راستہ اختیار کریں۔ ٹریفک پولیس کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس جانے والے راستوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہےاور اسے اسٹیٹ لائف بلڈنگ سے کلب روڈ کی طرف موڑا جارہا ہے، گورنر ہاؤس جانے والے راستے کو بھی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے جبکہ یہاں بھی ٹریفک کو فوارہ چوک سے زینب مارکیٹ اور کھجور چوک سے متبادل راستہ دیا جا رہا ہے۔ اس صورت حال کے بعد شارع فیصل، تین ہٹی، لیاقت آباد، جیل روڈ، لسبیلہ کے اطراف میں ٹریفک جام ہو گیا۔