نیویارک (جیوڈیسک) آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں معمر افراد کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ معمر افراد کسی بھی قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں جن کے تجربات آنے والی نسلوں کے لئے مشعلِ راہ ثابت ہوتے ہیں ۔ 14 دسمبر 1990 کو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک قرار داد کے ذریعے ہر سال یکم اکتوبر کو” معمر افراد کا عالمی دن” منا نے کا اعلان کیا۔
اس دن کو منانے کا مقصد معاشرے کے معمر افراد کو ان کی اہمیت کا احساس دلانا ہوتا ہے۔ اقوامِ متحدہ کی جانب سےاس دن کے حوالے سے ہر سال ایک نیا موضوع متعارف کروایا جاتا ہے۔ 2014 ء کا موضوع ہے “کوئی پیچھے نہ رہے: سب کے لئے ایک معاشرے کا فروغ”۔ اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون کا کہنا ہے کہ “2050 تک ترقی یافتہ ممالک میں معمر افراد کی تعداد بچوں کی تعداد کے دو گنا ہو جائے گی۔
جبکہ ترقی پذیر ممالک میں بزرگوں کی تعداد ان کی موجودہ تعداد سے دگنی ہو جائے گی،،،”دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ہر سال یکم اکتوبر کو اپنے بزرگوں سے محبت اور عقیدت کا اظہار کیا جاتا ہے اوراس دن زیادہ سے زیادہ وقت ان لوگوں کے ساتھ گزارا جاتا ہے جو ہماری توجہ کے سب سے زیادہ مستحق ہیں۔