امریکی ریاست کیلیفورنیا میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی عائد

Pastic Bags

Pastic Bags

لاس اینجلس (جیوڈیسک) کیلیفورنیا امریکہ کی پہلی ریاست بن گئی ہے جس نے پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔ گورنر جیری برائون نے اس پر دستخط کرکے قانون کی شکل دے دی ہے۔

قانون کے مطابق سنگل استعمال کے پلاسٹک کے تھیلے یکم جولائی 2015ء سے کریانے کے سٹورز اور فارمسیز سے ختم کئے جائیں گے اور پھر یکم جولائی 2016ء سے دیگر سہولتی مراکز اور شراب کے سٹورز سے ختم کئے جائیں گے۔

اراکین پارلیمنٹ نے رواں ماہ کے اوائل میں بل کی منظوری دی تھی۔ گورنر نے ایک بیان میں کہا کہ ےیہ بل درست سمت میں اٹھایا گیا ایک قدم ہے۔ اس سے ہمارے ساحل، پارکوں اور حتی کہ وسیع وعریض سمندر میں پلاسٹک آلودگی میں کمی واقع ہوگی۔

ہم ان تھیلوں پر پابندی عائد کرنے والی پہلی ریاست ہیں اور آخری نہیں ہوں گے۔ بل سٹوروں کو اجازت دیتا ہے کہ وہ دوبارہ قابل استعمال تھیلوں یا کاغذ کے لئے دس سینٹس وصول کر سکتے ہیں۔ اسی طرح کیلیفورنیا کے دیگر شہروں لاس اینجلس اور سان فرانسسکو میں پہلے ہی ماہرین ماحولیات کی حمایت سے اس طرح کی پابندیاں عائد کی جا چکی ہیں۔

ری پبلکنز کی جانب سے پابندی کی مخالفت سامنے آئی تھی جو یہ دلیل دیتے ہیں کہ اس سے چھوٹے اور درمیانے سائز کے کاروبار میں حکومت کی مداخلت بہت بڑھ جائے گی اور بیگ تیار کنندگان کی جانب سے بھی اس کی مخالفت کی گئی تھی جنہیں روزگار سے ہاتھ دھونے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔