کراچی (جیوڈیسک) انٹر ایجنسیز ٹاسک فورس (آئی اے ٹی ایف) کے اجلاس میں انسانی اسمگلنگ کی موثر روک تھام کیلیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین روابط بڑھانے اور اتفاق رائے سے جامع حکمت عملی تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قائمقام ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ زون سید اسرار علی کی زیر صدارت زونل ڈائریکٹوریٹ میں آئی اے ٹی ایف کا اجلاس منعقد ہوا جس میں انٹیلی جنس بیورو، نادرا، نارا، پاسپورٹس اینڈ امیگریشن، اسپیشل برانچ، کوسٹ گارڈ، میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ زمینی، سمندری اور ہوائی راستے سے غیرقانونی طریقوں سے بیرون ملک جانے والے افراد کی روک تھام کیلیے متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین روابط کو بہتر بنایا جائے۔
اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کے فوکل پرسنز کے ہفتہ وار اجلاس کی تجویز کو اتفاق رائے سے منظور کیا گیا، اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ انسانی اسمگلروں (ایجنٹوں) کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں۔
قائمقام ڈائریکٹر ایف آئی اے سید اسرار علی کی تجویز پر اجلاس نے اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ اس سلسلے میں میڈیا کے ذریعے ایک شعوری مہم چلائی جائے جس میں سادہ لوح عوام کو آگاہ کیا جائے کہ وہ اپنی ساری عمر کی کمائی بیرون ملک روزگار کی لالچ میں انسانی اسمگلروں کو نہ دیں اور غیرقانونی طریقوں سے بیرون ملک جانے کی صورت میں درپیش خطرات سے بھی آگاہ کیا جائے۔