مناسکِ حج ، ایمان کا سفر شروع ، عازمین منیٰ میں پہنچ گئے

Pilgrimsn Mina

Pilgrimsn Mina

مکہ مکرمہ (جیوڈیسک) سعودی عرب میں مناسک حج شروع ہو گئے ہیں اور اس کے پہلے مرحلے میں عازمین حج منیٰ میں پہنچ گئے ہیں جہاں پر خیمہ بستی آباد ہو گئی ہے۔

پاکستان کی وزارت حج کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ، اس سال پاکستان سے ایک لاکھ 43 ہزار سے زائد پاکستانی فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ مکہ مکرمہ میں شیشہ و عزیزیہ اور مدینہ منورہ میں مرکزیہ کے علاقوں میں پاکستانی شہری قیام کریں گے۔

ان علاقوں سے مسجد الحرام تک آنے جانے کے لئے شٹل سروس فراہم کی گئی ہے۔ ادھر سعودی حکومت کی جانب سے حج کے موقع پر ملک بھر میں سیکورٹی کے انتہائی سخت اور فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 70 ہزار سیکورٹی اہلکار دن رات ڈیوٹی دے رہے ہیں۔

جبکہ سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے جگہ جگہ گاڑیوں اور مشکوک سامان کی سخت چیکنگ اور نگرانی کی جا رہی ہے اور صرف مناسب پرمٹ رکھنے والوں کو ہی مقدس شہروں اور مقامات میں داخلے کی اجازت ہے۔ رواں سال پہلی مرتبہ الیکٹرونک سکینرز سے پرمٹ کو جانچا جا رہا ہے۔

دنیا کی سب سے بڑی مسجد کا اعزاز رکھنے والی مکہ کی’مسجد الحرام‘ میں لاکھوں عازمین جمع ہوں گے۔ عازمین کی سہولت کے لئے مسجد کے ہر کونے یہاں تک کہ صحن میں بھی ائیرکنڈیشنڈ اور واٹر فین نصب کئے گئے ہیں ، تاکہ سخت گرمی اور حبس سے بچا جاسکے۔ عازمین کی آمد و رفت کے لئے مسجد کے 170 سے زائد دروازے کھول دیئے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ اب حرم شریف میں عازمین حج نے پرسوں ہفتے کے روز طواف زیارت کے لئے آنا ہے۔