گوجرانوالہ (جیوڈیسک) طویل لوڈشیڈنگ نے سنٹرل جیل کے ملزموں کی زندگی اجیرن اور سکیورٹی سسٹم پر سوالیہ نشان لگا دیا، جیل حکام نے صورتحال سے نمٹنے کے لئے 630 کے وی کا ٹرانسفارمر لگوانے کا مطالبہ کر دیا، گیپکو حکام نے 25 لاکھ سے زائد رقم کی ادائیگی کا ڈیمانڈ نوٹس بھجوا دیا۔ ذرائع نے دنیا کو بتایا کہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ کی وجہ سے سنٹرل جیل کے ملزموں کی زندگی اجیرن اور افسران کے لئے بھی سکیورٹی کو کنٹرول کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے ۔
بجلی کی مسلسل سپلائی کے لئے 4 سو اور2سو کے وی کے دو ٹرانسفارمر لگائے گئے ہیں تاہم بجلی جانے کی صورت میں دوسرے فیڈر سے 2سو کے وی ٹرانسفارمر سے سنٹرل جیل کی تمام بیرکوں میں بجلی کی سپلائی نہیں ہوتی جس کی وجہ سے سکیورٹی کے شدید مسائل پیدا ہوتے ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کریمینل جسٹس کو آر ڈینیشن کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں سپرنٹنڈنٹ جیل نے بجلی کے مسئلہ بارے سیشن جج کو تفصیلی بتایا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل حکام کے مطالبہ پر گیپکو حکام نے 630 کے وی کا ٹرانسفارمر لگانے کیلئے 25 لاکھ 34 ہزار 200 رو پے کا ڈیمانڈ نوٹس جاری کر دیا ہے۔ جیل سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ بجٹ کیلئے آئی جی کو سمری بھیج دی ہے۔