فلسطین کی فٹبال ٹیم 10 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی

Football Team

Football Team

کراچی (جیوڈیسک) فلسطین کی فٹبال ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی، پی ایف ایف کی خصوصی دعوت پر 10 اکتوبر کو لاہور پہنچنے والی مہمان سائیڈ اپنے دورے میں میزبان کیخلاف واحد میچ 12 تاریخ کو لاہور کے پنجاب اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔

فلسطینی فٹبال ٹیم کو اپنے دورئہ پاکستان میں 2 میچز کھیلنا تھے تاہم فیڈریشن نے بوجوہ صرف ایک میچ ہی کے انعقاد کا فیصلہ کیا، دوسری جانب واحد انٹر نیشنل دوستانہ میچ کے لیے قومی تربیتی کیمپ کا آغاز 8 اکتوبر سے ہوگا۔

لیکن اس میں قومی فٹبال ٹیم اپنے 4 اہم کھلاڑیوں کی خدمات سے محروم ہوگی، کلیم اللہ، صدام، عادل احمد اور بابر بیرون ملک کنٹریکٹ کے سبب مصروفیت کے باعث گرین شرٹس کا حصہ نہیں ہوں گے۔

پی ایف ایف نے ان کی جگہ متبادل کھلاڑیوں رضا علی(سوئی گیس)، رحمان (کے الیکٹرک)، عمیر اور امجد ( ایچ ای سی) کو کیمپ میں طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، دوسری جانب ایشین گیمز میں چین اور کوریا سے مات کھانے والی قومی فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ بحرین کے شملان عیدالاضحیٰ کی تعطیلات منانے اپنے وطن روانہ ہوگئے، وہ چند روز بعد کیمپ میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔