اسلام آباد (جیوڈیسک) علامہ طاہر القادری نے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا، کہتے ہیں کہ آج سے عوامی تحریک کو انقلابی انتخابی سیاسی جماعت بنا دیا، پارلیمنٹ میں آکر نظام کو بدلیں گے، الیکشن لڑیں گے مگر نظام سے سمجھوتہ نہیں کر سکتے، انقلابی تحریک کا آغاز 12 اکتوبر کو فیصل آباد میں جلسے سے ہوگا، 19 اکتوبر کو لاہور میں بھی جلسہ کرینگے۔
اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ طاہر القادری نے پاکستان عوامی تحریک کو انتخابی جماعت بنانے کا اعلان کر دیا، کہتے ہیں ہم نظام سے سمجھوتہ نہیں کر سکتے، بلدیاتی اور عام انتخابات میں حصہ لیں گے، پارلیمنٹ میں آکر نظام بدلیں گے، پارلیمنٹ کے تقدس کو بحال کریں گے، پی اے ٹی کا انتخابی جماعت بننے کا سہرا آپ کے سر ہے، یہ سب سے بڑی سیاسی انقلابی جماعت ہوگی، ہمارا منشور ہوگا مظلوم ظالم سے ٹکرائے گا، انتخابی اور سیاسی اصلاحات کیلئے دباؤ ڈالیں گے۔