لاہور : عید الاضحیٰ پر 5 ہزار پولیس اہلکار تعینات ہوں گے

Karachi Police

Karachi Police

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں عید الاضحیٰ پر پانچ ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے، چوبیس کالعدم تنظیموں پر کھالیں جمع کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

پولیس کی طرف سے جاری کیے جانے والے سکیورٹی پلان کے مطابق شہر میں ایک سو چھبیس کھلے مقامات پر، پینتیس سو مساجد اور آٹھائیس امام بارگاہوں میں عید کے اجتماعات ہونگے، جن پر پانچ ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ چھ ایس پی اور پینتیس ڈی ایس پی حضرات بھی فرائض انجام دینگے۔

تمام پولیس ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ پولیس نے اقوام متحدہ کی طرف سے کالعدم قرار دی جانے والی چوبیس تنظیموں پر قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے پر پابندی کر دی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز حیدر اشرف کا کہناہے کہ اس مرتبہ عید پر سکیورٹی کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے عید سے قبل بازاروں اور مویشی منڈیوں، دوسرا عید اور تیسرا عید کے موقع پر تفریح گاہوں میں سکیورٹی تعینات کی جائیگی۔