لاہور (جیوڈیسک) آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے پنجاب کے تمام اضلاع کے سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو عیدالاضحیٰ اور محرم الحرام کے مواقع پر سیکیورٹی کے انتظامات سخت کرنے کا حکم دیا ہے۔
آئی جی پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا کی سربراہی میں سنٹرل پولیس آفس میں ریجنل پولیس آفیسرز کا اجلاس ہوا جس میں تمام اضلاع کے سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ممکنہ دہشت گردی اورامن وامان کے حوالے سے انتظامات کا جائرہ لیا گیا۔ پولیس حکام نے عید الاضحیٰ اور محرم الحرام کی سیکیورٹی کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیا۔
آئی جی پنجاب نے پولیس اہلکاروں کے خلاف جاری انکوائری کو جلداز جلد نمٹانے کا حکم دیا، قتل، ڈکیتی اور اغوا میں ملوث اشتہاری ملزمان کی گرفتاریوں کے احکامات بھی جاری کئے۔
اس کے علاوہ تمام آر پی اوز کو اپنے اضلاع میں عید اور محرم الحرام پر سخت سیکیورٹی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ پولیس کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرپسندوں اوراشتہاریوں کے خلاف مہم کو تیز کرنے، گشت کے لئے فورس کی فراہمی کو یقینی بنانے اور خفیہ معلومات کے نیٹ ورک کو مظبوط بنانے کا بھی فیصلہ کیا۔