کراچی (اسٹاف رپورٹر) لیاقت نیشنل ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمان فریدی نے کہا کہ دور جدید میں علم کا حصول بے حد ضروری ہے تعلیم پر بھر پور توجہ دے کر پاکستان کے مستقبل کو روشن بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں میڈیکل تعلیم کے مستقبل کو روشن قرار دیتے ہوئے میڈیکل اسٹوڈنٹس سے کہاکہ وہ جس شعبے میں علم حاصل کررہے ہیں اس پر بھر پور توجہ دیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاقت نیشنل ہسپتال و میڈیکل کالج کے زیر اہتمام پاکستان میں انڈر گریجویٹ میڈیکل تعلیم کا مستقبل کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا سیمینار سے لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کراچی کے پرنسپل و ڈین پروفیسر ڈاکٹر امیر علی شورو، کنٹرولر اکیڈمک ایڈمنسٹریشن اینڈ ریسرچ ٹریننگ ڈاکٹر شاہینہ اکبانی جبکہ شرکاء سیمینار کے سوالات کے جوابات دینے کے لئے قائم کئے گئے ماہرین کے پینل جن میں فزیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے پروفیسر سید حفیظ الحسن ،شعبہ جراحی کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر روفینہ سومرو ، شعبہ پتھالوجی کی ایسو سی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر نوین فریدی، شعبہ ناک، کان، حلق کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شکیل عاقل، شعبہ گائنی و اوبس کی اکیڈمک سربراہ پروفیسر حلیمہ ہاشمی اور میڈیکل ایجوکیشن کی جوائنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ثوبیہ علی نے شرکاء کے پوچھے گئے سوالات اور پاکستان میں انڈر گریجویٹ میڈیکل تعلیم کے مستقبل کے حوالے سے تفصیلی جواب دیئے۔
ڈاکٹر سلمان فریدی نے طلباء و طب میں مختلف شعبہ جات کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے پاکستان میں شعبہ طب کے مستقبل سے آگاہ کیا اور اپنے تجربات کی روشنی میں طب کی تعلیم سے متعلق مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالتے ہوئے مستقبل کے گریجویٹس کو لیاقت نیشنل ہسپتال و میڈیکل کالج میں طب کی تعلیم میں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ایجوکیشن کی دستیاب سہولتوں اور کامیابیوں سے آگاہ کیا ۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کے پرنسپل و ڈین پروفیسر ڈاکٹر امیر علی شورو نے کہاکہ روشن مستقبل کے لئے علم کے تمام شعبوں کو فروغ دیکر ہم مستقبل کو تابنا ک بنا سکتے ہیں انہوں نے کہاکہ لیاقت نیشنل ہسپتال و میڈیکل کالج طلباء وطالبات کو جدید تعلیم سے آراستہ کرنے کے ساتھ مستقبل کے گریجویٹ کی بہتر انداز میں تربیت کا فریضہ انجام دے رہی ہے انہوں نے طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ علم کی روشنی کو پھیلاکر مستقبل کو بہتر بنا نے میں اپنا کردار ادا کریں۔
ڈاکٹر امیر علی شورو نے شرکاء سیمینار کو لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کی چیدہ چیدہ خصوصیات سے آگاہ کرتے ہوئے کالج میں انڈر گریجویٹ تعلیم پر مفصل روشنی ڈالتے ہوئے مختلف شعبہ جات کی اہمیت سے آگاہ کیا سیمینار میں میڈیکل کالج کے طلباء و طالبات، والدین اور اساتذہ کے علاوہ میڈیکل کالج میں داخلے کے خواہشمند طلباء و طالبات نے شرکت کی سیمینار کے اختتام پر شرکاء سیمینار کو کلاج کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرایا گیا اس موقع پر طلباء و طالبات اور والدین نے اس اہم موضوع پر سیمینار کے انعقاد کو انتہائی مفید اور مستقبل کے لئے نہایت اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے اسے لیاقت نیشنل ہسپتال اور میڈیکل کالج کی بہترین کاوش قرار دیا۔