ملتان (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سابق صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ اگر ملک میں ٹیکنو کریٹس کی حکومت بن گئی تو 20 سے 25 سال تک نہیں جائے گی۔
جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جن چیزوں کی یقین دہانی کرائی گئی ہے پتہ نہیں وہ ملیں گی بھی یا نہیں، اگر وزیراعظم نواز شریف کی حکومت چلی بھی گئی تو عمران خان کو اقتدار نہیں ملے گا حالانکہ وہ ایک 2 سال میں اسی دھاندلی والے نظام کے ذریعے وزیراعظم بننا چاہتے ہیں لیکن انہیں مزید 5 سال انتظار کرنا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی توہین جتنی دھرنوں میں ہوئی کسی نے نہیں کی اگر ملک میں ٹیکنو کریٹس کی حکومت آئی تو پھر 20 سے 25 سال تک نہیں جائے گی۔
جاوید ہاشمی نے کہا کہ طاہر القادری کی جانب سے عوامی تحریک کو فعال کرنے اور پورے ملک سے نمائندے انتخاب میں کھڑے کرنے کے بیان پر انہیں سلام عقیدت پیش کرتا ہوں، تحریک انصاف کو بھی چاہئے کہ دھرنوں کے بجائے انتخابی سیاست کو اپنائے اور طاہر القادری کے فیصلے پر عمل کرے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پارٹی کے ہر اجلاس میں لائف جیکٹ پہن کر آتے تھے، کچھ لوگ جن کا پا کستان سے تعلق تھا یا نہیں انہوں نے کہا اس ملک میں کسی بڑے لیڈر کی جان جائے گی اور عمران خان خود بھی کہتے تھے ان کی زندگی کو خطرہ ہے، جاوہد ہاشمی کا کہنا تھا کہ اگر عوام نے انہیں ضمنی انتخاب میں جتوایا تو اس حلقے کی سیاست سے ملک کی تقدیر بدل دوں گا۔