کراچی (جیوڈیسک) پاکستان ریلوے کی جانب سے مسافروں کی سہولت کے لئے چلائی جانیوالی عید اسپیشل ٹرینیں جمعہ کے روز کراچی سے روانہ ہوگئیں۔ پہلی عید اسپیشل ٹرین دن گیارہ بجے کراچی کینٹ اسٹیشن سے روانہ ہوئی جبکہ دوسری عید ٹرین رات 8 بجکر 35 منٹ پر روانہ ہوئی۔ پہلی ٹرین کی آخری منزل پشاور اور دوسری کی آخری منزل راولپنڈی ہے۔ عید اسپیشل ٹرین کی روانگی کے موقع پر ریلوے حکام کی جانب سے کوئی خصوصی انتظامات نہیں کیے گئے تھے جبکہ کینٹ اسٹیشن پر سیکیورٹی کے بھی انتہائی ناقص انتظامات دیکھنے میں آئے۔ ریلوے اور ریلوے پولیس کے ایمرجنسی ٹیلی فون نمبربھی کام نہیں کررہے تھے جس کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔ دوسری عید ٹرین کی ریلوے پولیس نے چیکنگ بھی نہیں کی۔
تفصیلات کے مطابق پہلی بار ریلوے حکام نے ملک بھر سے 14 عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔ کراچی سے پہلی عید اسپیشل ٹرین کی مختلف بوگیوں کو سجایا بھی گیا تھا۔اس ٹرین میں 814 سے زائد مسافروں نے بکنگ کرائی تھی۔ مذکورہ ٹرین سے ریلوے کو 8 لاکھ روپے سے زائد کی آمدنی ہوئی، مذکورہ ٹرین کی روانگی کے موقع پر ڈی سی او ریلوے کراچی اور ایس ایس پی ریلوے بھی اسٹیشن پر موجود تھے۔
ریلوے پولیس کے اہلکار اسٹیشن پر آنے والے مسافروں سے گاڑیاں پارک کرانے کے نام پر عیدی بٹورتے نظر آئے۔ کئی مسافروں نے بوگیوں میں پانی اور صفائی کے انتظامات نہ ہونے کی شکایت کی۔ اکثر بوگیوں میں بلب تک نہیں تھے۔ دوسری عید ٹرین رات بجکر 35 منٹ پر روانہ ہوئی مذکورہ ٹرین راولپنڈی جائیگی، ٹرین میں 830 مسافروں نے بکنگ کرائی تھی۔