سکھر (جیوڈیسک) سکھر کے مصروف ترین کاروباری مرکز شاہی بازار کے میڈیکل اسٹور میں پراسرار آتشزدگی، لاکھوں روپے مالیت کی ادویات جل کر خاکستر، ریسکیو ٹیم نے جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا، قریبی دکانوں کو بھی نقصان، علاقے میں بجلی کی ترسیل منقطع، آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہ ہو سکیں۔ تفصیلات کے مطابق سکھر کے گنجان کاروباری علاقے شاہی بازار کے جعفر میڈیکل اسٹور میں جمعے کے روز اچانک آگ لگ گئی جس کے باعث دکان میں رکھی ہوئی لاکھوں روپے کی ادویات جل کر خاکستر ہو گئیں۔
میڈیکل اسٹور میں لگنے والی آگ کے باعث اردگرد کی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا اور بجلی کے تار جل گئے جس کی وجہ سے علاقے میں بجلی کی ترسیل منقطع ہو گئی، آگ لگنے کی اطلاع فوری طور پر فائربریگیڈ اسٹیشن کو دی گئی جس پر ریسکیو ٹیم کے اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر آگ کو مزید پھیلنے سے روکا، دوسری جانب قریبی تھانے کے ایس ایچ او آصف مغل بھی اپنے عملے کے ہمراہ جائے وقوع پر پہنچے اور امدادی کاموں میں حصہ لیا۔