بھارتی فوج کا متاثرین پر لاٹھی چارج دہشتگردی ہے: چوہدری مجید

Chaudhry Majeed

Chaudhry Majeed

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کے ویژن 2025 کے تحت چاروں صوبوں کی طرح آزاد کشمیر کی ترقی کا ایجنڈا بھی پروگرام میں شامل ہے اور اس ایجنڈے پر عملدر آمد سے آزاد کشمیر کی تقدیر بدل جائے گی، انہوں نے کہا کہ حکومت کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کے ساتھ آزاد خطہ میں ترقیاتی عمل کی بھرپور مدد کرے گی۔ آزاد کشمیر کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کریں گے۔ وہ جمعہ کے روز وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید سے گفتگو کر رہے تھے۔

جنہوں نے آزاد کشمیر کے ترقیاتی معاملات کے حوالے سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے ترقیاتی معاملات بالخصوص متاثرین منگلا ڈیم اور زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں ترقیاتی عمل پر تبادلہ خیال کیا۔ چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ متاثرین منگلا ڈیم اور زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی و خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن وسائل فراہم کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر ہمارا موقف واضح ہے، وفاقی حکومت آزاد کشمیر کی ترقی و خوشحالی کا بھی ایجنڈا رکھتی ہے جس کے تحت میگا پراجیکٹس کا اعلان کیا، قبل ازیں چوہدری عبدالمجید نے مقبوضہ کشمیر میں متاثرین سیلاب پر بھارتی فورسز کی طرف سے وحشیانہ تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی آواز کو دبانے کے لیے طاقت کا استعمال کر کے بھارت نے اپنے آپ کو ایک مرتبہ پھر غیر مہذب ملک ثابت کیا ہے۔

عالمی برادری بھارت کی جانب سے متاثرین سیلاب پر تشدد کا نوٹس لے۔ بھارتی فوج کا متاثرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چار ج ریاستی دہشتگردی ہے، چوہدری عبدالمجید نے واضح کیا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر تباہ کن سیلاب کے متاثرین کی آواز کو بھارت دبا نہیں سکتا۔ بھارت عالمی سطح پر بھی اقوام متحدہ کی کشمیر پر منظور کی گئی نئی قراردادوں کی مکمل خلاف ورزی کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیوں اور بالخصوص متاثرین سیلاب کے مصائب میں اضافے کا سختی سے نوٹس لے۔