مظفرآباد (جیوڈیسک) وزیر اطلاعات، زراعت، لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ کسی نے جمہوریت کے لیے پیپلزپارٹی سے زیادہ قربانیاں نہیں دی ہیں ۔ہم نے اس ملک میں جمہوریت اور آئین کی پاسداری کے لیے اپنے قائدین کی قربانیاں دی ہیں۔ بلاول بھٹو شہید بے نظیر بھٹو کا عکس ہیں ان کی قیادت میں ہی انقلاب آئے گا۔ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں اس کی عظمت کو کم کرنے کی کسی کوشش کو پوری قوم ملکر ناکام بنا دے۔ جمہوریت ایک دوسرے کو برداشت، عوام کی رائے کے سامنے سر تسلیم خم اور عوام کی منتخب حکومت کا احترام کرنے کا نام ہے۔
پیپلز پارٹی کی حکومت کشمیری عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کیا۔ سید بازل علی نقوی نے کہا کہ ہم نے قائد عوام اور شہید جمہوریت سے سیکھا ہے کہ عوام کی رائے کا ہر صورت میں احترام کیا جانا چا ہئے۔ انہوں نے کہا کہ زبردستی کسی صورت نہیں چل سکتی اس لیے تمام اداروں کو چا ہئے کہ وہ اپنی حدود میں رہ کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس وقت عوام کی ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے کئی چیلنجوں کا سامنا ہے اس لئے ہمیں خود کو کام میں لگا دینا چا ہئے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت مسئلہ کشمیر کو بہت اہمیت دیتی ہے۔