پارلیمنٹ میں برقعہ پر پابندی پر دوبارہ غور کیا جائے: آسٹریلوی وزیراعظم

Burqa

Burqa

سڈنی (جیوڈیسک) آسٹریلین وزیراعظم ٹونی ایبٹ نے پارلیمانی سپیکر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں برقعہ پہننے پر پابندی پر نظرثانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انکا یہ بیان مسلم کمیونٹی کی جانب سے احتجاج کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس پابندی کے تحت پارلیمنٹ کے چیمبرز کو دیکھنے کیلئے ایک مخصوص گیلری میں بیٹھنے پر مجبور کیا گیا تھا۔

ایبٹ نے کہا میں سپیکر سے کہوں گا کہ وہ اس فیصلے پر دوبارہ غور کریں۔ میرے خیال میں یہ ایک عبوری فیصلہ تھا اور سکیورٹی ہدایات کی روشنی میں اسکو دوبارہ دیکھا جائیگا مجھے یقین ہے کہ پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس سے قبل معاملہ حل ہو جائیگا۔

آسٹریلین وزیراعظم نے برقعہ کی مخالفت کی اور کہا کہ یہ ایسی چیز ہے جسے لوگ پہننا پسند نہیں کرتے تاہم انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام یہ نہیں کہ وہ لوگوں کو بتائے کہ محفوظ مقامات کے باہر کیا پہننا ہے۔

گذشتہ ہفتے وزیراعظم کی لبرل پارٹی کے ایک رکن پارلیمنٹ نے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر پارلیمنٹ میں آنیوالے وزیٹرز پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔