انتخابات جمہوریت کا دروازہ ہے اس لئے کسی کو روشن دان سے آنے کی ضرورت نہیں، سراج الحق

Siraj-ul-Haq

Siraj-ul-Haq

پشاور (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وسط مدتی انتخابات کے لئے اپوزیشن سے زیادہ مرکزی حکومت ہی بنیادی کردار ادا کرسکتی ہے اور انتخابات جمہوریت کا دروازہ ہے اور اگر وہ کھلا ہے تو کسی کو روشن دان سے آنے کی ضرورت نہیں۔

پشاور میں بات کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت اور سیاسی جماعتیں اپنے رویوں میں تبدیلی لاتے ہوئے جمہوری روایات کو اپنائیں، تصادم کے نتیجے میں جمہوریت کا خاتمہ ہوسکتا ہے اس لئے حکومت کی ذمہ داری ہے کہ سیاسی بحران کے حل کے لئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات جمہوریت کا دروازہ ہے اور اگر وہ کھلا ہے تو کسی کو روشن دان سے آنے کی ضرورت نہیں، سیاسی جماعتوں کو موجودہ بحران کے حل کے لئے رابطے برقرار رکھنے کی ضرورت ہے جبکہ سیاسی جرگے نے اشتعال جیسے ماحول کو بہتر بنا دیا ہے جس کی وجہ سے لاشیں گرنے کا انتظار کرنے والوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا جو نیک شگون ہے حکومت سے مطالبہ ہے کہ عید سے قبل سیاسی قیدیوں کو رہا کردیا جائے اگر ایسا کیا گیا تو سیاسی جرگے کو بحران کے حل میں آسانی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں حقیقی معنوں میں بلدیاتی نظام رائج ہوگا اور مقامی افراد کے مسائل کے حل کی ذمہ داری صوبائی و قومی اسمبلی کے منتخب ممبران پر عائد ہوتی ہے۔