لاہور : گنگا رام اور لیڈی ایچی سن اسپتال سے 2 نومولود غائب

Ganga Ram Hospital

Ganga Ram Hospital

لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے گنگا رام اسپتال اور لیڈی ایچی سن اسپتال سے 2 نومولود بچے غائب ہو گئے۔ گنگا رام اسپتال میں لواحقین نے بچے کے اغوا کا الزام لگاتے ہوئے ایمرجنسی میں ہنگامہ کر دیا، شیشے توڑ ڈالے، اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آیا کی غلطی سے مردہ بچے تبدیل ہو گئے تھے۔

لاہور میں گنگارام اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں داخل خاتون صبا کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی ، نومولود ان کے حوالے نہ کرنے پر لواحقین نے شدید احتجاج کیا اور ایمرجنسی میں ہنگامہ آرائی کرکے شیشے توڑ ڈالے۔ ان کا کہنا تھا کہ عملے نے پہلے بتایا کہ بچہ تندرست ہے لیکن بعد میں مردہ قرار دے دیا ،اب بچےیا اس کی لاش کو حوالے نہیں کیا جا رہا، لواحقین نے الزام عائد کیا کہ ان کے بچے کو اغوا کر لیا گیا ہے ،ہنگامے کی اطلاع پر پولیس اسپتال پہنچ گئی۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق لواحقین کو بچہ مردہ پیدا ہونے کا بتا دیا گیا تھا۔ دوسری جانب لاہور ہی کے لیڈی ایچی سن اسپتال سے ایک اور نومولود غائب ہو گیا۔ اہلخانہ نے الزام لگایا کہ ان کے 3دن کے بچے کو نامعلوم خاتون اٹھا کر لےگئی ہے، نارووال کی خاتون بچے کو چیک اپ کے لیے اسپتال لائی تھی۔ بچے کے باپ کا کہنا ہے کہ نامعلوم خاتون بچے کو چیک کرانے کا کہہ کر ساتھ لے گئی۔