ہتھکڑیاں کھولیں میری انگلی اٹھنے پر ہی دھرنا ختم ہو گا، پولیس نے تھرڈ امپائر کی دھنائی کر دی

Gujranwala

Gujranwala

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) اسلام آباد میں دھرنے دینے والوں کا تھرڈ امپائر گوجرانوالہ سے مل گیا، اقدام قتل کے سزا یافتہ مجرم نے احاطہ عدالت میں ہنگامہ کر دیا، اس کا کہنا تھا ہتھکڑیاں کھولی جائیں کیونکہ اس کی انگلی اٹھے گی تو دھرنا ختم ہوگا۔

عمران خان کے تھرڈ امپائر کے بیان پر بہت ہنگامہ ہوا مگر اس کا کوئی اتا پتہ نہ چلا لیکن اب عمران خان کا تھرڈ امپائر گوجرانوالہ سے مل گیا ہے۔ خود کو تھرڈ امپائر کہنے والا یہ اقدام قتل کا سزا یافتہ مجرم انعام اللہ ہے جب اسے پیشی کے لیے لایا گیا تو اس نے احاطہ عدالت میں ہنگامہ کر دیا۔

انعام اللہ نے دعویٰ کیا کہ میاں برادران دھرنا ختم کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ وہ عمران خان کا تھرڈ ایمپائر ہے، ہتھکڑیاں کھولی جائیں تاکہ وہ انگلی کھڑی کر کے دھرنا ختم کر سکے۔

ہنگامہ آرائی کے دوران مجرم انعام اللہ نے خود بھی دھرنا دینے کی کوشش کی لیکن چار پولیس اہلکاروں نے اسے گھسیٹ کر کھڑا کر دیا اور بخشی خانے میں لے جا کر تھرڈ ایمپائر کی دھنائی کر دی۔

موجودہ سیاسی بحران کے خود ساختہ تھرڈ ایمپائر مجرم انعام اللہ کی ہنگامہ آرائی کے دوران سائل اپنا کام بھول بھال کر اس کا تماشا دیکھتے رہے۔