ملتان : سیلاب متاثرین کا احتجاج، پی ٹی آئی کے امیدوار کے بینر پھاڑ دیئے

Multan

Multan

ملتان (جیوڈیسک) ملتان میں سیلاب متاثرین نے عید سے قبل امدادی رقوم نہ ملنے پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والے امیدوار کا پوسٹر پھاڑ دیا، جس پر تحریک انصاف کے کارکن متاثرین سیلاب سے الجھ پڑے۔ ملتان میں حکومت پنجاب کی جانب سے 25ہزار روپے کی امدادی رقم نہ ملنے کے خلاف متاثرین سیلاب نے نواں چوک شہر پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور کچہری چوک پہنچ کر روڈ بلاک کر دیا۔

متاثرین کا کہنا تھا کہ عید سر پر ہے اور گھروں میں فاقے ہیں۔ تین گھنٹے گزرنے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے کوئی رابطہ نہ کرنے پر مظاہرین مشتعل ہو گئے اور چوک پر لگے این اے 149 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار ملک عامر ڈوگر کے بینر اتار دئیے جس پر تحریک انصاف کے کارکن سیلاب متاثرین سے الجھ پڑے۔

مشتعل مظاہرین کو دیکھ کر باقی کارکن بھاگ گئے مگر ایک کارکن متاثرین سیلاب کے ہتھے چڑھ گیا۔ بعد میں مظاہرین نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات اور فوری امدادی رقم ملنے کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کر دیا۔