کراچی (جیوڈیسک) کوئٹہ ، پشاور اور گلگت میں مسافر گاڑیوں میں بم دھماکوں کے بعد سندھ پولیس عید الاضحی پر گھروں کو جانیوالے مسافروں کے تحفظ کیلیے مربوط اقدامات کرے۔
ان خیالات کا اظہار آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے پولیس حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ تمام بس اڈوں اور ریلوے اسٹیشنوں پر سیکیورٹی امور سمیت نگرانی اور سادہ لباس اہلکاروں کو تھانوں کی سطح پر تعینات کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔
مقامی اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ تنظیموں کے نمائندوں کو اعتماد میں لے کر نہ صرف شہر کی مسافر گاڑیوں بلکہ ہائی ویز پر بھی مسافروں کے سفر کو محفوظ بنانے کیلیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ تمام علاقوں میں خفیہ نگرانی کے نظام کو موثر بنایا جائے اور خفیہ اطلاعات غیر معمولی واقعات کو قبل ازوقت ناکام بنایا جائے تمام عوامی مقامات ، حساس تنصیبات و اہم عمارتوں کے لیے سیکیورٹی اقدامات کو مربوط اور موثر بنایا جائے جبکہ اسنیپ چیکنگ اور گشت کے جملہ امور کو تھانوں کی سطح پر موثر اور ٹھوس بنایا جائے۔