قربانی کے جانوروں کی خوراک میں استعمال ہونیوالی اشیا مہنگی ہو گئیں

Fodder

Fodder

کراچی (جیوڈیسک) عید الاضحی کے قریب آتے ہی شہریوں کی جانب سے جانوروں کی خریداری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ اسی لیے شہر کے تمام علاقوں میں جانوروں کی خوراک میں استعمال ہونے والی اشیاکی فروخت کے اسٹال بھی قائم ہو گئے ہیں اور سیکڑوں بے روزگار نوجوانوں کو عارضی طور پر روزگار حاصل ہو گیا ہے۔

شہر قائد میں گزشتہ برس کی نسبت رواں عیدالاضحی پر جانوروں کی خوراک میں استعمال ہونے والی اشیا کی قیمتوں میں بھی 20 سے 25 فیصد اضافہ ہو گیا ہے، تین ہٹی پر جانوروں کی خوراک فروخت کرنے والے حشمت علی نے بتایا کہ عیدالاضحی پر قربانی کے جانوروں کی خدمت بڑوں کی نسبت بچے زیادہ شوق سے کرتے ہیں اور وہی ان کی خوراک کا خیال کرتے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ جانوروں کی خوراک میں کھل ، چوکر ، دانا ، بھوسہ مکئی ، جو ، گیہوں ، ہرا چارہ ، کٹا ہوا چارا( گڈی ) اور چنے کا چلکا استعمال ہوتا ہے ،انھوں نے بتایا کہ کھل 40 سے 45 روپے فی کلو ، چوکر 30 سے 35 روپے فی کلو ، دانا 35 سے 40 روپے فی کلو ، بھوسہ 25 سے 30 روپے فی کلو۔

جو 45 سے 50 روپے فی کلو ، گیہوں 50 سے 55 ، ہرا چارہ 20 روپے فی کلو ، چنے کا چھلکا 40 روپے فی کلو ، فروخت کیا جا رہا ہے ، انھوں نے بتایا کہ مکس چارہ 60 روپے فی کلو اور سوکھا چارہ 50 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے ، انھوں نے بتایا زیادہ تر لوگ مکس چارہ خریدتے ہیں اور بڑے جانوروں کے لیے ہرا چارہ زیادہ فروخت ہوتا ہے۔

چارے کی ہول سیل منڈی لی مارکیٹ میں قائم ہے، علاوہ ازیں عیدالاضحیٰ سے قبل مختلف علاقوں میں قربانی کے جانوروں کی رکھوالی کے لیے نوجوانوں کی بڑی تعداد نے سڑکوں اور فلیٹوں کی حدود میں عارضی باڑے قائم کر لیے ہیں، ان باڑوں میں بڑے اور چھوٹے جانوروں کو شہری باندھتے ہیں ، جہاں 24 گھنٹوں کے لیے بڑے جانور کا کرایہ 300 سے 500 روپے اور چھوٹے جانور کا 150 روپے سے 250 روپے تک لیا جاتا ہے۔

ان باڑوں میں جانوروں کی دیکھ بھال اور حفاظت کی جاتی ہے جبکہ ان جانوروں کی خوراک کا بندوبست جانوروں کے مالکان خود کرتے ہیں یا کئی افراد ان جانوروں کی خوراک کے لیے ان باڑے والوں کو الگ سے معاوضہ ادا کرتے ہیں ،ان باڑوں کے باعث گلی ومحلوں کی رونقوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔