اسلام آباد (جیوڈیسک) امریکا اور یورپی ممالک کے ہسپتالوں میں نوزائیدہ بچےکی سیکورٹی اور سیفٹی کیلئے واضح قوانین نافذ ہیں۔ اس کے باوجود پھربھی بچوں کےاغواکے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔
امریکی ادارے نیشنل سنٹر فارمسنگ اینڈ ایکسپلائٹڈ چلڈرن کی رپورٹ کے مطابق 1983 سے لے کر 2008 تک 122 نوزائیدہ بچے اغوا ہوئے جس کے بعد امریکی حکومت نے نوزائیدہ بچوں کی حفاظت اور سلامتی کیلئے خصوصی اقدامات نافذ کئے۔
امریکی ہسپتالوں نے اپنی ویب سائٹس پر بچوں کی سیکورٹی اور سیفٹی کیلئے ہدایات بھی جاری کیں والدین کو میڈیا میں بچوں کی پیدائش سے متعلق اعلان کرنے سے بھی منع کیا جاتا ہے۔
نوزائیدہ بچوں کے پیروں کے ساتھ سیکورٹی ٹیگ لگائے جاتے ہیں جیسے ہی ان ٹیگز کو ہٹانے کی یا ہسپتال کی حدود سے باہرلے جانے کی کوشش کی جاتی ہے ہسپتال کے کنٹرول روم میں الارم بج جاتا ہے۔ نرسری میں متعلقہ عملے کے علاوہ کسی کو داخلے کی اجازت نہیں دی جاتی۔