کوئٹہ (جیوڈیسک) ہزارہ ٹاؤن میں گزشتہ رات ہونے والے دھماکے سے جاں بحق افراد کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ہے جبکہ علاقے میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے۔
کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن میں گزشتہ رات دھماکے سے جاں بحق افراد کی نماز جنازہ میں لواحقین کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں ہی سپرد خاک کردیا گیا۔
جاں بحق افراد کی تدفین کے موقع پر قبرستان اور ملحقہ علاقے میں سیکیورٹی کےسخت انتظامات کئے گئے۔ ہزارہ ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں آج مکمل شٹرڈاون ہے۔ اس کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی فورسز کے گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے، مشکوک گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی سخت چیکنگ کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات ہزارہ ٹاؤن کے علاقے علی آباد کے بازار میں اس وقت خودکش دھماکا کیا گیا تھا جب لوگوں کی بڑی تعداد وہاں عید الاضحیٰ کے سلسلے میں خریداری میں مصروف تھی۔ دہشتگردی کی واردات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 25 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔