دمشق، بغداد (جیوڈیسک) شام میں امریکی طیاروں کی تباہ کن بمباری، داعش کے 72جنگجو ہلاک ہو گئے جبکہ عراق میں داعش کے جنگجوؤں نے ایک جنگی ہیلی کاپٹر مار گرایا۔
شامی مبصر گروپ کے مطابق امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کے طیاروں نے شام کے مشرقی شہر دیرالزور،الرقہ اور حلب میں داعش کے ٹھکانوں پر تباہ کن بمباری کی جس سے 72جنگجو ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے فضائی حملوں میں داعش کو بھاری مالی نقصان بھی ہوا۔
الرقہ میں حملوں میں داعش کا ایک تربیتی مرکز مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ ادھر مشرقی شام کے قصبے کوبین کی جانب پیش قدمی کرتے ہو ئے داعش اور کردملیشیا کے درمیان شدید لڑائی کی اطلاعات ہیں۔ جبکہ عراق میں داعش نے ایک جنگی ہیلی کاپٹر مار گرایا۔ جس سے پائلٹ اورمعاون دونوں ہلاک ہو گئے بتایا گیا ہے کہ داعش نے ہیلی کاپٹر کو بیجی نامی قصبے میں نشانہ بنایا۔
دوسری جانب عراقی فورسز نے کرد ملیشیا کی مدد سے زومار شہر کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا۔ اس وقت نینو ا کے شہر زومار پر عراقی فورسز کا کنٹرول ہے۔ رپورٹس کے مطابق عراق میں امریکی حملوں کے بعد داعش کا زور ٹوٹ گیا ہے اور اب اس تنظیم کے جنگجوؤں نے شام کا رخ کر لیا ہے اس لئے عراق کے اکثر علاقوں میں اسے شکست کا سامنا کر نا پڑرہا ہے ۔جبکہ عراق میں دو بم دھماکوں میں 9افراد ہلاک ہو گئے پولیس حکام کے مطابق دھماکوں کا مقصد عراقی فوجیوں کو نشانہ بنا نا تھا۔