آصف زرداری سے چوہدری برادران کی ملاقات، سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال

Asif Ali Zardari, Chaudhry Brothers Meeting

Asif Ali Zardari, Chaudhry Brothers Meeting

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے چوہدری برادران نے ملاقات کی ہے جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بلاول ہاؤس لاہور میں آصف علی زرداری اور چوہدری برادران کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیل گفتگو ہوئی۔

آصف علی زرداری نے چوہدری برادران کا استقبال کرتے ہوئے شعر کا مصرعہ پڑھا کہ ’’کبھی ہم بھی تھے آشنا، تمہیں یاد ہو کہ نا یاد ہو‘‘ جس پر چوہدری شجاعت نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ہم اب بھی ایک دوسرے کے آشنا ہیں اور مستقبل میں بھی رہیں گے۔

ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سیاسی جماعتوں اور قیادت کے درمیان تلخیاں نہیں ہونی چاہئیں۔

چوہدری برادران کا کہنا تھا کہ ان کا ہر مطالبہ آئین کے مطابق ہے، جمہوریت عوام کے مسائل حل کرنے کا درس دیتی ہے اگر موجودہ حکمران عوام کے مسائل کے حل پر توجہ نہیں دے گی تو معاملات ان کے ہاتھ سے نکل جائیں اور پھرعوام کو احتجاج سے نہیں روکا جا سکتا۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ آئین اور پارلیمنٹ کے اندر مسائل کا حل موجود ہے تمام سیاسی قوتوں کی ترجیح ملک کا مفاد ہونا چاہئے، ہمارے لئے تمام سیاسی قائدین قابل احترام ہیں، ہمیں ملک کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لئے اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔