وزیر آباد : کسی نے مسلم لیگ کے جلسے جلوس میں مداخلت کی تو اسکی مرمت ہو گی، مسلم لیگ یوتھ ونگ کا خصوصی سکواڈ بنا دیا گیا ہے، مسلم لیگ(ن)کے شیر میدان میں آئے تو کوئی لومڑ سامنے کھڑا رہ کر یاوہ گوئی نہیں کر سکے گا۔
ان خیالات کا اظہار سینئر مسلم لیگی رہنماء اور سرپرست اعلیٰ یوتھ ونگ وزیرآباد ملک شہباز کلیار نے یوتھ ونگ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سٹی صدر عمران سنی ،عمر اللہ والابھی موجود تھے۔
ملک شہباز نے کہا انقلابی قائدین روزانہ جلسے جلوس اور لغو تقریریں کرتے ہیں لیکن کبھی مسلم لیگی ورکرز نے مداخلت نہیں کی اور اگر کسی نے مسلم لیگ کے جماعتی پروگرام میںشیطانی کی تو اپنے انجام کا خود ذمہ دار ہو گا۔
انہوں نے کہا اپنے گھر میں کوئی مداخلت پسند نہیں کرتا مخالفین جان لیں کہ انکو چھڑی گھمانے کی آزادی ہے لیکن جہاں کسی کی ناک شروع ہوتی ہے وہاں آپ کی آذادی ختم ہو جاتی ہے۔