بحریہ ٹائون لاہور میں دنیا کی ساتویں بڑی مسجد کا افتتاح

Mosque

Mosque

لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے بحریہ ٹاؤن سیکٹر ای میں بنائی گئی مسجد میں 70 ہزار نمازیوں کی گنجائش موجود ہے جس میں سے 25 ہزار نمازی مسجد کے احاطے میں بیٹھ سکتے ہیں جو کہ کسی بھی پاکستانی مسجد کے احاطے میں نمازیوں کی سب سے زیادہ گنجائش ہے۔

مسجد کے 165 فٹ بلند چار مینار اور ایک بڑا گنبد ہے جبکہ چار چھوٹے گنبد میں بنائے گئے ہیں۔ مسجد میں 50 سے زائد بڑے فانوس بھی لگائے گئے ہیں اور فرش پر سنگ مرمر استعمال کیا گیا ہے۔ مسجد کو مکمل ایئر کنڈیشنڈ کیا گیا ہے۔ بحریہ ٹاؤن کے چئیرمین ملک ریاض سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے اس بار نماز عید اس مسجد میں ادا کی۔

ملک ریاض کا کہنا ہے کہ بحریہ ٹاؤن اس سے پہلے بھی ملک میں شاندار مساجد بنا چکا ہے لیکن یہ مسجد اپنی مثال آپ ہے۔ دنیا کے ہر ملک میں مسلمانوں نے عبادت کے لئے مساجد بنا رکھی ہیں۔ مکہ مکرمہ میں قائم مسجد الحرام اس دنیا میں سب سے بڑی مسجد ہے۔

تین لاکھ چھپن ہزار آٹھ سو مربع میٹر کے رقبے پر بنی اس مسجد میں بیس لاکھ سے زائد نمازیوں کی گنجائش ہے۔ مدینہ منورہ میں چار لاکھ پانچ سو مربع میٹر کے رقبے پر مشتمل مسجد نبوی میں دس لاکھ افراد اپنے رب کے حضور سربجود ہو سکتے ہیں۔ ملائشیا کی مسجد المکہ میں پانچ لاکھ اڑتیس ہزار مسلمان نماز پڑھ سکتے ہیں۔

فرانس کی مسجد صدیق اکبر میں چار لاکھ پچانوے ہزار مسلمان نماز ادا کرتے ہیں۔ امریکا کی جامعہ عمر فاروق میں چار لاکھ پچاس ہزار نمازیوں کی گنجائش ہے۔ برطانیہ کی اسلامک ریسرچ سنٹر میں چار لاکھ تیس ہزار مسلمان نماز پڑھ سکتے ہیں۔ پاکستان کی فیصل مسجد اور بادشاہی مساجد کا شمار بھی دنیا کی وسیع ترین مساجد میں ہوتا ہے۔