عوام (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی کارکردگی سے مایوس ہیں اور متبادل قیادت چاہتے ہیں، شاہ محمود قریشی

Shah Mahmood Qureshi

Shah Mahmood Qureshi

ملتان (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے نائب چیرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عوام اب مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومتوں کی کارکردگی سے مایوس ہو چکے ہیں اور ملک میں ایک متبادل قیادت کو دیکھنا چاہتی ہیں۔

ملتان شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ملک میں جمہوریت کو مستحکم کرنا چاہتی ہے، ہم نے جس طرح کرکٹ کے میدان میں نیوٹرل امپائر متعارف کرائے اسی طرح سیاست کے میدان میں بھی غیر جانبدار نگراں حکومت چاہتے ہیں۔

ہم نے آزاد الیکشن کمیشن کے لیے تحریک شروع کی اور ملک میں شفاف انتخابات چاہتے ہیں، اس قسم کی نگراں حکومت ہمیں نہیں چاہیئے جو 35، 35 پنکچر لگائے اور نہ ہی کٹھ پتلی نگراں حکومت کو تسلیم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2013 کے عام انتخابات میں (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے عوام کے ساتھ مذاق کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گزشتہ انتخابات کے جتنے حلقے اب تک کھلے ہیں اس سے واضح ہوگیا ہے کہ لوگوں کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، ملتان اور جنوبی پنجاب کے لوگوں کو دھوکا دیا گیا کیونکہ جنوبی پنجاب کا سیاسی گڑھ ملتان ہے اگر ملتان تبدیل ہوتا ہے تو اس کے اثرات پورے جنوبی پنجاب پر پڑتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف جنوبی پنجاب پر توجہ دے رہی ہے، عمران خان نے جس طرح کراچی، لاہور اور میانوالی میں کامیاب جلسے کئے وہ جنوبی پنجاب کی عوام کے سامنے بھی اپنا مقدمہ پیش کریں گے، عوام (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کی حکومتوں کی کارکردگی سے لوگ مایوس ہو چکے ہیں اور متبادل قیادت چاہتے ہیں۔