کراچی (جیوڈیسک) عید پر ریلیز ہونے والی 3 پاکستانی فلموں نے سنیما گھروں کی رونقیں بحال کر دیں۔ ایکشن، کامیڈی اور پنجابی طرز کی فلمیں شائقین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
خوشیوں کے تہوار عید قربان پر لالی وڈ کی پیش کردہ تینوں فلمیں الگ موضوعات کی حامل ہیں جس کے باعث فلم بینوں کو انتخاب کرنے میں چوائس مل گئی۔ نبیل قریشی کی زیر ہدایت بنی فلم نامعلوم افراد کامیڈی سے بھرپور ایک فکر انگیز فلم ہے جس میں پاکستانی معاشرے بالخصوص کراچی کے حالات کی عکاسی کی گئی ہے۔ فلم میں مزاح، سسپنس اور جذباتی مکالمے سب کچھ شامل ہیں جب کہ مہوش حيات کا آئٹم سانگ بھی شائقین کی توجہ حاصل کررہا ہے۔
جامی کی زیر ہدایت بننے والی فلم آپریشن زیرو ٹو ون لالی وڈ کی روایتی فلموں سے برعکس ایک نئی کہانی ہے، فلم میں افغانستان سے نیٹو افواج کے انخلا سے پاکستان پر ہونے والے اثرات کو موضوع بنایا گیا ہے۔ فلم میں شان، ایوب کھوسہ اور آمنہ شیخ کی جاندار پرفارمنس فلم کی ہائی لائٹ ہے
عید کی تیسری فلم ایہ کڑی لینی اے لالی وڈ کی روایتی فارمولا پنجابی فلم ہے جو پنجابی فلموں کے شائقین کو پسند آئی ہے۔ ماہرین کے مطابق عید کی چھٹیوں میں تینوں فلمیں رش لے رہی ہیں لیکن ان کی باکس آفس پوزیشن کا تعین عید کے بعد ہو سکے گا۔