دو سالوں سے بارشیں نہ ہونے کے باعث تھر کی عوام بوند بوند پانی کو ترس رہی ہے

Karachi

Karachi

کراچی : مسلم لیگ سندھ کے صدر و پاکستان ریلیف فائونڈیشن کے چیئرمین حلیم عادل شیخ سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے عید کے دو دن قحط سالی سے متاثرہ لوگوں کے درمیان گزارینگے اور قربانی کا گوشت بھی تقسیم کرینگے، جس کے لیے 15 خوبصورت گائے، اونٹ اور بکروں کے خصوصی انتظامات کیئے گئے ہیں جبکہ گزشتہ دو سالوں سے بارشیں نہ ہونے کے باعث تھر کی عوام بوند بوند پانی کو ترس رہی ہے۔

ان کے لیے صاف اور میٹھے پانی کے ٹینکرزبھی ان کے ساتھ ہونگے جو متاثرہ لوگوں کے کئی عرصے سے خالی زیر زمین ٹینک میں ڈالیں جائیں گے تاکہ متاثرین کو کچھ عرصہ کے لیے پانی کی قلت سے نجات مل سکے اس کے علاوہ تھر میں مستحق بچوں اور بزرگوں کے لیے عید کے نئے کپڑے اور ہندو اکثریت جو گوشت نہیں کھاتی ان کے لیے کھانے پینے کے خصوصی انتظامات کیئے گئے ہیں۔ مسلم لیگ سندھ کے صوبائی سیکرٹریٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ ہم اپنے دوست خبیب فائونڈیشن کے بے حد مشکور ہیں جو اس نیک عمل میں ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔ تھر میں 13لاکھ لوگ قحط سالی کی لپیٹ میں ہیں،یہاں دو سالوں سے بارشیں نہیں ہوئی۔

حکومت نے صرف چند گندم کی بوریاں تقسیم کی ہیں۔گزشتہ برس بھی 350بچے خشک سالی اور غذائی قلت کے باعث اپنی جانوں سے چلے گئے تھے ۔پنجاب میں بھی 22لاکھ اسی طرح حکومتی بربریت کا شکار ہیں ۔اس موقع پر مسلم لیگ سندھ کے سیکرٹری ایڈمنسٹریشن نعیم عادل شیخ ، یوتھ ونگ کے صوبائی صدرآغا رفیع اللہ ،شیخ اقبال ،جاوید اعوان جبکہ PRFکے عہدیدار وحید پنہور ،اظہر ٹانوری بھی موجود تھے۔حلیم عادل شیخ نے کہاکہ ضرورت پڑنے پر مزید جانور بھی خریدے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قربانی کا مقصد یہ ہی ہے کہ سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی کے گوشت کو مستحق اور مسکین لوگوں میں تقسیم کیا جائے،اس کے لیے صاحب حیثیت لوگوں کو اپنا کردارنہیں بھولنا چاہیے کہ وہ اپنے مال میں سے غریب لوگوں کا خیال رکھیں ایک زمانہ تھا کہ عید لوگوں کے لیے خوشیوں کا پیغام لیکر آتی تھی آج بکرے اور گائے تو دور کی بات لوگ اپنے گھروں میں سویاں بنانے سے بھی قاصر ہیں پاکستان میں بہت سے غریب ایسے ہیں کہ جن کو صر ف بڑی عید پر ہی پیٹ بھر کے گوشت کھانے کو ملتا ہے۔