قحط متاثرین کے فنڈز میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی گئی حلیم عادل شیخ

Sukkur

Sukkur

سکھر (جیوڈیسک) مسلم لیگ ق سندھ کے صوبائی صدر اور پاکستان ریلیف فاؤنڈیشن کے چیئرمین حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ تھرپارکر کے قحط متاثرین کے لئے وفاقی اور سندھ حکومتوں کی جانب سے جاری کیے گئے فنڈز میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی گئی ہے، سندھ حکومت تھرپارکر کے بدترین قحط کو بچوں کے مرنے تک نظرانداز کررہی ہے، تھری لوگوں کے لئے عید پر ہمدردی کے لئے دو دن سے تھر میں موجود ہوں اور مختلف دیہات میں قربانی کی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھرپارکر کے میڈیا سینٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سال سے تھر میں شدید قحط ہے، بچے، خواتین اور بزرگ بھوکے پیاسے مررہے ہیں، گزشتہ سال میڈیا کے جگانے کے بعد وفاقی حکومت نے ایک ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کیا
تھا

جس میں سے 40 کروڑ روپے وفاق نے ابھی تک ادا نہیں کیے، سندھ حکومت نے بھی قحط متاثرین کے لئے جھوٹے اعلانات کیے اور گندم،ادویات، مال مویشی کے چارے، زکوٰۃ اور دیگر فنڈز میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی، سندھ حکومت کی جانب سے جاں بحق ہونے والے بچوں کے ورثاءکیلئے دو لاکھ روپے، 150 بینظیر دسترخوان، پینے کے پانی کے لئے آر او ز پلانٹس، ڈاکٹروں کی تنخواہ دگنی کرنے اور اسپتالوں کا بجٹ دگنا کرنے سمیت دیگر اعلانات پر ابھی تک کوئی عمل نہیں ہوسکا، گندم کی تیسری قسط بھی مقامی منتخب نمائندوں، ریلیف کوآرڈی نیٹرز اور سرکاری اہلکاروں کی کرپشن کی نذر ہوچکی ہے

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت اس بار بھی کوئی امدادی سرگرمیاں شروع کرنے کے بجائے بچوں کی ہلاکت اور میڈیا پر بدنام ہونے کا انتظار کررہی ہے،’گو نواز گو ‘ کا نعرہ تھرپہنچ چکا ہے، سندھ حکومت نے قحط متاثرین کی ہنگامی بنیادوں پر کوئی امداد نہ کی تو ’گو سائیں گو‘ کا نعرہ بھی لگے گا، مرسوں مرسوں کا نعرہ لگانے والے ٹوپی ڈرامے کرکے عوام کو بے وقوف بنانا چھوڑ دیں اور عوام کی حقیقی خدمت کرکے دکھائیں، سندھ کا ایک بھی حلالی بیٹا جب تک زندہ ہے

اس وقت تک سندھ تقسیم نہیں ہوسکتا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر تھرکو آفت زدہ علاقہ قرار دے کر تھر میں پینے کے پانی، ادویات، خوراک اور مال و مویشی کے لئے چارے کا بندوبست کیا جائے اور تھرپر بنائی گئی قحط پالیسی کو منظور کرکے اس پر عمل شروع کیا جائے، دوسری صورت میں تھر میں ایک بار پھر انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے، حلیم عادل شیخ نے دورہ تھرپارکر کے دوران مختلف دیہات میں 18 جانوروں کی قربانی کی، بچوں میں کھلونے اور عید کے نئے کپڑے تقسیم کیے، اس دوران مسلم لیگ یوتھ ونگ کے رہنما مرزا عظیم بیگ، فیصل لغاری، خادم ترک ،جاوید اعوان اور ریلیف فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کی بڑی تعداد بھی ان کے ہمراہ رہی۔