ملتان (جیوڈیسک) پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے شام 5 بجے ملتان پریس کلب میں ایک اہم پریس کانفرنس کیلئے آنا تھا لیکن مسلم لیگ (ن) کے مشتعل مظاہرین کے باعث وہ ہوٹل میں محصور ہو کر رہ گئے۔
مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے ہوٹل کا محاصرہ کرکے شیخ رشید کیخلاف بھرپور نعرہ بازی کی۔ حالات کی نزاکت کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق مشتعل مظاہرین نے ہوٹل میں داخل ہونے کی بھی کوشش کی لیکن پولیس اور ہوٹل کے گارڈز نے انھیں اندر داخل ہونے سے روک دیا جس کے بعد غصے سے بپھرے ہوئے مظاہرین نے ہوٹل پر پتھرائو شروع کردیا اور گندے انڈے بھی پھینکے۔
صورتحال کے پیش نظر شیخ رشید نے اپنی پریس کانفرنس منسوخ کر دی ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں نے پریس کانفرنس میں انتظامی تبدیلیوں کے حوالے سے بات کرنا چاہتا تھا لیکن مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو میرے ملتان آنے کی تکلیف ہے۔
صورتحال کے پیش نظر میں نے اپنی پریس کانفرنس موخر کر دی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس غنڈوں کی سرپرستی اور قیادت کر رہی ہے سب کچھ وزیراعظم نواز شریف کے کہنے پر ہو رہا ہے۔