کراچی : ٹرک نے کئی گاڑیوں کو روند ڈالا، ایک شخص جاں بحق، 10 افراد زخمی

karachi

karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے حبیب بینک چورنگی پر تیز رفتار ٹرک بے قابو ہو کر گاڑیوں پر چڑھ دوڑا، ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے، کاریں، موٹر سائیکلیں اور رکشہ سمیت کئی گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔

سائٹ ایریا کے علاقے حبیب بینک چورنگی پر ایک تیز رفتار ٹرک بریک فیل ہونے کے باعث سامنے سے آنے والی کئی گاڑیوں کو روندتا چلا گیا، 2 رکشے، موٹر سائیکلیں اور کاریں تباہ ہو گئیں، رکشہ سمیت 2 گاڑیاں پل سے نیچے جا گریں۔

ذرائع کے مطابق واقعے میں 10 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا، ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، کچھ افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بدترین ٹریفک حادثے کے بعد حبیب بینک چورنگی اور اطراف کی سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہوگیا، پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی جبکہ پل سے نیچے گرنے والی گاڑیوں کو نکالنے کیلئے امدادی کام جاری ہیں۔