حصص مارکیٹ میں مندی، 30000 کی نفسیاتی حد گر گئی

Stock Exchange

Stock Exchange

کراچی (جیوڈیسک) کراچی اسٹاک مارکیٹ میں عیدالاضحی کی تعطیلات کے بعد جمعرات کو کاروبار میں مندی کا رجحان رہا اور 30000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد گرگئی، مندی کے سبب سرمایہ کاروں کے 51 ارب 97کروڑ روپے ڈوب گئے۔

عیدالاضحی کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد جمعرات کے روز کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ملے جلے رجحان سے ہوا، سرمایہ کار سیمنٹ، آٹو موبائل، بینکنگ سمیت دیگر شعبوں میں سرگرم دکھائی دیے تاہم قلیل المدت اورکم قیمت حصص کے فروخت کی وجہ سے کے ایس ای 100 انڈیکس 124.29 پوائنٹس کی کمی سے 29978.94 پوائنٹس پر بند ہوا، کے ایس ای 30 انڈیکس 152.70 پوائنٹس کمی سے 20296.32 اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 160 پوائنٹس کمی سے21930.92 پوائنٹس پر آ گیا۔

سرمایہ کاروں کے مطابق سیاسی غیریقینی کی صورتحال عید الاضحی کے بعد بھی برقرار رہنے کی وجہ سے سرمایہ کار تذبذب کا شکار رہے اور انہوں نے نئی سرمایہ کاری سے گریز کیا جس کی وجہ سے مارکیٹ رینج باؤنڈ اور کم مالیاتی حجم کا شکار رہی، جمعرات کو مارکیٹ میں مندی کے سبب مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 51ارب 97 کروڑ 1لاکھ 67 ہزار47 روپے کی کمی سے 69 کھرب 55 ارب 23 کروڑ 9 لاکھ 8 ہزار 147 روپے ہو گیا۔

گزشتہ روز کاروباری حجم 6.83 فیصد زائد رہا اورمجموعی طورپر 12 کروڑ 33 ہزار حصص کا کاروبار ہوا جبکہ جمعہ کو 11 کروڑ 23 لاکھ 59 ہزار حصص کا لین دین ہوا تھا، جمعرات کو 384 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 188 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 179 میں کمی اور 17 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔