جگجیت سنگھ کو مداحوں سے بچھڑے 3 برس ہو گئے

Jagjit Singh

Jagjit Singh

لاہور (جیوڈیسک) جگجیت سنگھ 8 فروری 1941ء کو راجستھان کے علاقے شری گنگا نگرمیں ایک پنجابی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ 1966ء میں اپنے فنی سفر کا آغاز کرنے والے جگجیت سنگھ کو صحیح معنوں میں شہرت 70 کی دہائی میں ملی۔ جگجیت سنگھ نےاردو، ہندی پنجابی، گجراتی، سندھی اور نیپالی زبانوں کے علاوہ فلموں کے لیے بھی بے شمار گیت گائے۔

یوں تو جگجیت سنگھ نے ہر بڑے شاعر کے کلام کو گایا مگر گلزار کی ٹی وی سیریز مرزا غالب کی موسیقی نے جگجیت سنگھ کو امر کر دیا۔

جگجیت کو بڑی کامیابی اپنی البم” دی اَن فور گیٹ ایبلز” سے ملی جس میں ان کی بیوی اور نامور گلوکارہ چترا سنگھ نے بھی ان کا ساتھ دیا۔ شروع میں جگجیت سنگھ اپنی اہلیہ کے ساتھ جوڑی کی صورت میں گایا کرتے تھے۔ مگر اپنے جواں سال بیٹے کی ایک سڑک حادثے میں ہلاکت کے بعد یہ جوڑی ختم ہو گئی اور چترا سنگھ نے موسیقی سے علیحدگی اختیار کر لی۔

جگجیت سنگھ کو ان کے فن کے اعتراف میں حکومت نے بھارت کے تیسرے بڑے سول اعزاز پدما بھوشن سے 2003ء میں نوازا۔ جگجیت سنگھ 10 اکتوبر 2011 کو دنیا سے رخصت ہو کے لاتعداد چاہنے والوں کے لیے یاد گار کہانی بن گئے۔ مگر ان کے گائے ہوئے گیت لوگوں کی سماعتوں میں رس گھولتے رہیں گے۔