اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے، آپریشن میں حصہ لینے والے جوانوں کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے دوران انھوں نے آپریشن ضرب عضب کے دوران فوج کے کردار کو سراہا ، پاک فوج کے افسر اور جوان بہادری سے لڑ رہے ہیں۔انھون نے بتایا کہ آج کے اجلاس کا ایجنڈا کنٹرول لائن پر کشیدگی اور ضرب عضب ہے۔اعلیٰ عسکری قیادت نے اجلاس کے دوران لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 2014 کے دوران بھارت نے 230 مرتبہ سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ سے 10 سے زائد شہری شہید ہوئے۔ پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور ایل او سی کا معاملہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کے وفد کے سامنے اٹھایا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین گروپ نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پاکستانی سیکورٹی فورسز اپنے دفاع میں جوابی کارروائی کر رہی ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ سرحدی علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی دیکھ بھال کی جائے گی۔