شنگھائی (جیوڈیسک) دفاعی چیمپئن نوواک جوکووچ اور روجر فیڈرر شنگھائی ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے ، جبکہ اینڈی مرے اپ سیٹ شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئے ۔ چین کے شہر شنگھائی میں جاری ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ میں سربین سٹار نوواک جوکووچ کا سامنا قازقستان کے میخائیل کوکوشکن سے ہوا۔
ورلڈ چیمپئن نوواک جوکووچ نے قازق حریف کو دو گھنٹے اور چھ منٹ کے دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دی، جوکووچ کی فتح کا سکور چھ تین، چار چھ اور چھ چار رہا ، سترہ بار کے گرینڈ سلیم چیمپئن روجر فیڈرر بھی سپین کے روبرٹو بوٹسٹا کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دیکر کوارٹر فائنل میں پہنچے۔ سوئس سٹار کو سٹریٹ سیٹس میں چھ چار اور چھ دو سے کامیابی حاصل ہوئی۔
ادھر برطانوی سٹار اینڈی مرے کو سپین کے ڈیوڈ فیرر نے شاندار مقابلے کے بعد اپ سیٹ شکست دیدی، سپین کے فیرر نے دو چھ، چھ ایک اور چھ دو سے کامیابی حاصل کر کے کوارٹر فائنل سیٹ بک کی۔ جمہوریہ چیک کے ٹومس برڈیچ نے کروشیا کے ایوو کارلووک کو زبردست مقابلے میں مات دی اور اگلے راؤنڈ میں رسائی حاصل کی۔