لاہور (جیوڈیسک) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی ناموں سے کاروبار کرنے والی فیکٹری سیل کر دی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران نے ضلع لاہور کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ دوران وزٹ فوڈ سیفٹی افسران نے ڈیفنس روڈ پر واقع ایک ڈیری فیکٹری پر چھاپہ مارا۔ معائنہ کے دوران یہ فیکٹری ایک برانڈ کے نام سے پانی بوتلوں میں بھرنے میں ملو ث پائی گئی اس کا لا ئسنس بھی موجود نہ تھا۔ جس بنا پر واٹر پلانٹ سیل کر دیا گیا۔
دوران معائنہ مزید معلوم ہوا کہ یہ فیکٹری بغیر رجسٹریشن کے پراڈکٹس فروخت کر رہی تھی جن کی لیبلنگ بھی درست نہ تھی اور کچھ پراڈکٹس پر مختلف ممالک کا ایڈریس درج تھا۔ فیکٹری میں دیسی گھی نیلے رنگ کے ڈرموں میں رکھا گیا تھا جس پر اس کا گودام بھی سیل کر دیا۔ مزید برآں مختلف برانڈز کے مینگو ڈرنک 6750 لٹر، ایپل ڈرنک 6750 لٹر،گووا نیکٹر 3000 لٹر، ایپل نیکٹر 3000 لٹر، مینگو نیکٹر 3000 لٹر، دیسی گھی 15500 کلو، ٹی وائٹنر 6750 لٹر، فل کریم ملک پاؤڈر 6000 کلو، دودھ 6750 لٹر، ڈیری لیکوئیڈ 6750 لٹر قبضے میں لے کر ان کے نمونہ جات لیبارٹری میں ٹیسٹ کے لئے بھجوا دئیے گئے۔