واشنگٹن (جیوڈیسک) صدر اوباما نے کہا ہے کہ ملالہ اور کیلاش نے مستقبل کی نسلوں کو ایک بہتر زندگی دینے کے لیے اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا جو قابلِ ستائش ہے۔ جمعے کو وائٹ ہاوس کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں صدر اوباما نے کہا ہے کہ ملالہ اور کیلاش کو امن کا نوبیل انعام ملنا ان تمام افراد کی کامیابی ہے۔
جو دنیا میں ہر انسان کا احترام یقینی بنانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ اپنے بیان میں صدر اوباما نے جنہیں خود بھی امن کا نوبیل انعام مل چکا ہے ، کہا ہے کہ ملالہ اور کیلاش کا انتخاب کر کے نوبیل کمیٹی نے ہمیں باور کرانے کی کوشش کی ہے کہ نوجوانوں کے حقوق اور آزادیوں کے تحفظ کے لیے ان دونوں کا کام کتنا اہم اور ضروری ہے۔
امریکی صدر کے بقول پس منظر ، جنس اور مقام سے بالاتر ہو کر تمام نوجوانوں کو خدا کی دی ہوئی صلاحیتیں استعمال کرنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا ایک اہم کام ہے جو یہ دونوں رضاکار انجام دے رہے ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملالہ اور کیلاش نے مستقبل کی نسلوں کو ایک بہتر زندگی دینے کے لیے اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا اور ہر طرح کے خطرات اور دھمکیوں کا سامنا کیا۔ امریکی صدر نے کہا ہے۔
کہ ملالہ اور کیلاش کو نوبیل انعام ملنے کا جشن مناتے ہوئے ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم ان دونوں کے شانہ بشانہ اس دنیا کے حصول کی کوششش کریں گے جہاں ہماری بچیوں کو تعلیم کے حصول کا حق اور مواقع حاصل ہوں اور جہاں تمام بچوں کے ساتھ یکساں سلوک کیا جائے۔