ملتان (جیوڈیسک) ملتان میں تحریک انصاف کے جلسے میں جاں بحق ہونے والے چار افراد کی شناخت ہوگئی ، دو افراد کو سپردخاک کر دیا گیا ، بارہ افراد ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ جنازے میں شرکت کے دوران تحریک انصاف کے کارکنوں نے جاوید ہاشمی کو گھیر لیا۔
ملتان کے قلعہ کہنہ قاسم باغ سٹیڈیم میں تحریک انصاف کے جلسہ کے اختتام پر بھگ دڑ مچنے سے سات افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ جاں بحق ہونے والے چار افراد کی شناخت ہو گئی ہے ، افسوسناک واقعے پر شہر کی فضا کی سوگوار ہے۔ جاں بحق ہونے والے دو نوجوانوں معاویہ اور سلمان کی نماز جنازہ صدیق پارک میں ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ میں سیاسی ، سماجی ، مذہبی شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی ، نماز جنازہ کے بعد جاں بحق افراد کو آہوں اور سسکیوں کیساتھ سپردخاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی ، جاوید ہاشمی بھی شریک ہوئے۔ نماز جنازہ کے بعد لوگوں نے جاوید ہاشمی کی گاڑی کو گھیر لیا۔
پولیس نے جاوید ہاشمی کو شہریوں کے گھیراؤ سے نکالا ، جاں بحق ہونے والے قاسم بیلہ کے رہائشی سلیم اللہ کی نماز جنازہ تین بجے ادا کی جائے گی ۔ واقعے میں زخمی ہونے والے پچیس افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔
بارہ افراد ابھی بھی نشتر ہسپتال میں زیر علاج ہیں ۔ گزشتہ روز تحریک انصاف کے جلسے کے اختتام پر شرکاء نے سٹیڈیم سے نکلنے کی کوشش کی ، رش زیادہ ہونے کے باعث لوگ پھنس گئے۔ اس دوران دم گھٹنے سے سات افراد موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ سینتیس زخمی ہو گئے تھے۔